حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے بیان میں گلگت کے اندر دو بڑے مسالک کے علماء کے مابین ایشوز پر مصالحت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن جن گروہوں، تنظیموں اور دونوں مسالک سے وابستہ مذہبی شخصیات اور سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں نے اس اہم کام میں کردار ادا کیا وہ قابل داد و تحسین ہیں۔
صوبائی حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور انکی ٹیم نے بروقت حکمت عملی کیساتھ پارلیمانی کمیٹی، اور پیس کمیٹی کے ذریعے مصالحت کو عملی جامہ پہنایا۔
گلگت بلتستان کا امن و امان اور بین المسالک ہم آہنگی ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔ امن و امان اور اتفاق و بھائی چارگی کے بغیر علاقہ تعمیر و ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا، دنیا سے مقابلہ نہیں کیا جا سکتا، عوام کے حقوق حاصل نہیں کر سکتے، مشکلات کا حل ممکن نہیں۔ ان تمام امور کیلئے اولین شرط علاقے میں امن و امان کی فضا کا قیام اور بسنے والی عوام کی آپس میں بھائی چارگی میں مضمر ہے۔